• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین سی پیک اور دیگر منصوبوں میں تعاون ترقی کے پختہ عزم کا عکاس ہے، اعصام الحق قریشی

پشاور(جنگ نیوز) پاکستان کے معروف ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پشاور میں واقع پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے وقف ثقافتی اور معلوماتی مرکز چائنہ ونڈو کا دورہ کیا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ ضیاء الدین، کرنل ریٹائرڈ گل رحمان، کے ٹینس ایسوسی ایشن کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر طاہر خان اور سیکرٹری عمر ایاز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اپنے دورے کے دوران اعصام الحق نے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کو اجاگر کیا۔دورے میں اعصام الحق نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریز کا مشاہدہ کیا جس میں چین کی بھرپور تاریخ، ثقافت، ٹیکنالوجی اور عالمی ترقی میں اس کی خدمات کو پیش کیا گیا ہے۔ یہ مرکز پاک چین دوستی کی مضبوطی اور گہرائی کے حوالے سے بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز ہے، جو سفارتی اور عوامی سطح پر ایک مثال ہے۔اعصام الحق نے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور اس جیسے دیگر منصوبے دونوں ممالک کی ترقی اور تعاون کے پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے چائنا ونڈو کی ٹیم کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے پر سراہا جو نہ صرف وزیٹرز کو چین کی کامیابیوں سے آگاہ کرتا ہے۔ بلکہ عوام کے درمیان روابط کو بھی مضبوط کرتا ہے۔اپنے تاثرات میں، اعصام نے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانی دوستی کو "اعتماد اور تعاون کی روشن مثال" قرار دیا۔
پشاور سے مزید