• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن خراب کرنے والوں کو فیصلہ کن جواب، دشمن خوف پھیلائے گا پیچھے نہیں ہٹیں گے، آرمی چیف، پشاور میں سیاسی قائدین سے ملاقات

راولپنڈی (ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دشمن خوف پھیلانے کی کوشش کرے گا مگر ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور ملک میں امن کو خراب کرنے کی ہر کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا‘ شیطانی قوتوں کے خلاف یکجا کھڑے ہیں‘سرحدوں کے اندر اورباہر دہشت گرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی سے کم کر دیا ہے‘ملک میں سرگرم اہم دہشت گرد رہنماؤں کا خاتمہ‘ ان کے نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر کے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کی ہمارے ملک میں کوئی جگہ نہیں‘ یہ جنگ جاری رہے گی اور ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے پیرکوپشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں ملکی سکیورٹی صورتحال اور فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا بھی موجود تھے۔بعد ازاں آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں سے الگ ملاقات کی‘ شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف ایک متفقہ سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔آرمی چیف کا کہناتھاکہ امن خراب کرنے والوں کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا‘ہماری افواج نے دہشتگردوں کے اہم لیڈروں کا تعاقب کیا ہے اور انہیں ختم کیا ہے۔دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے ۔ دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گااور وہ مزید بھاری نقصان اٹھائیں گے۔آرمی چیف نے ہر آپریشن کو سکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاک فوج کے جوان مادر وطن کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک ناقابل شکست قوت کے طور پر متحد ہیں۔

اہم خبریں سے مزید