• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ ججز کی خالی اسامیوں کیلئے نامور وکلاء کے نام ارسال

کراچی ( رپورٹ / محمد منصف ) سندھ ہائی کورٹ میں 12ججز کی خالی اسامیوں کے لئے نامور وکلا ، سیشن ججز کے نام بھیج دیئے گئے ہیں، عرفان میر ہالپوٹا ،ذوالفقار علی سولنگی ، حق نواز تالپور ، میران محمد شاہ سمیت مجموعی طور پر 46 نام تجویز کئے گئے ہیں جن میں خاتون ججز اور لوئر سمیت جیالوں کے نام بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں اس وقت 28 ججز فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ مقدمات لاکھوں کی تعداد میں زیر سماعت ہیں۔ تجویز کئے گئے ناموں پر 23 جنوری کو غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج کی 12 خالی اسامیوں پر تقرریوں کے لئے 46 امید واروں کی فہرست جوڈیشل کمیشن کے اراکین کو بھجوا دی ہے ان میں تجربہ کار سیشن ججز سمیت نامور وکلا کے نام بھی شامل ہیں جو دیوانی ، فوجداری اور آئینی نوعیت کے کیسز پر بھی مکمل عبور رکھتے ہیں۔ قابل ایمان دار اور دلیر وکلا میں شامل عرفان میر ہالپوٹا ایڈووکیٹ، ذوالفقار علی سولنگی ایڈووکیٹ، میراں محمد شاہ ایڈووکیٹ ، حق نواز تالپور ایڈووکیٹ ، عبید الرحمن خان ایڈووکیٹ ، محمد عمر لاکھانی ایڈووکیٹ ، صغیر احمد عباسی ، ریحان عزیز ملک کے نام اہم سمجھے جاتے ہیں۔ خاتون وکیل شازیہ ہنجرہ کا نام بھی شامل ہے جبکہ سیشن ججز سے تسنیم سلطانہ اور منور سلطانہ کے نام بھی تجویز کئے گئے ہیں اس کے علاوہ سیشن ججز سے سریش کمار، خالد حسین شاہانی ، مشتاق احمد لغاری ، امیر علی مہیسر کے نام شامل ہیں یعنی سیشن عدالتوں سے 6 اور باقی 40 نام تجربہ کار وکلا کے نام شامل ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ خالی اسامیوں پر ججز کی تعیناتی سے مقدمات کا بوجھ کم ہوگا جس کا فائدہ براہ راست سائلین کو ہوگا جبکہ عدلیہ کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید