لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم کی گئی ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹیوں کو انتظامی اور مالی طور پر بااختیار بنانے کے لئےسول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلوں پر عمل درآمد ، غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کیلئے پالیسیاں بنانا اورانکا نفاذ بھی مینڈیٹ میں شامل ،افغانیوں کے بنک اکاؤنٹس کھولنے ،موبائل کنکشن اور نوکریاں لینے پابندی لگانے کی تجویز بھی زیر غورپنجاب میں 99ہزار افغان کارڈ ہولڈرز میں سے 34ہزار 595کی میپنگ مکمل ،انخلاء میں مدد ملے گی پنجاب نے دوسرے صوبوں سے آ نے والوں کا ڈیٹا مانگا تھا،وزارت داخلہ نے تاحال جواب نہیں دیا، ، انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ مذکورہ ایکٹ میں ترمیم کے بعد ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹیوں کو لیگل سٹیٹس حاصل ہو جائیگا اور ان کے لئے علیحدہ فنڈز بھی مختص کئے جائیں گےجس سے وہ موثر طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے 2جنوری 2025کو ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیوں (ڈی سی سیز) کی تشکیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں ان کمییٹیوں ایک وسیع مینڈیٹ سونپا گیا ہے جس کا مقصد سیکورٹی کو بہتر بنانا اور امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔ ان کے فرائض متعدد اہم شعبوں پر محیط ہیں۔ڈی سی سیز نظر ثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وضع کی گئی قومی سلامتی کی پالیسیوں کے تیز اور موثر نفاذ کو یقینی بنائیں گی جس میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق پالیسیاں شامل ہیں۔