• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پالیسی کے اصولوں‘‘ پر عملدرآمد کیلئے فریم ورک کی تیاری جاری

انصار عباسی

اسلام آباد :…حکومت نے معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کی خاطر تمام سرکاری اداروں کیلئے کارکردگی کے کلیدی اشاریے (کی پرفارمنس انڈیکیٹرز) متعارف کرا دیے ہیں جبکہ آئین میں وضع کردہ ’’پالیسی کے اصول‘‘ (Principles of Policy) کے نفاذ کیلئے ایک فریم ورک متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی سربراہی میں کابینہ کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تمام سرکاری اداروں کیلئے واضح روڈ میپ کے ساتھ ایک فریم ورک تشکیل دے گی تاکہ آئین کے تحت عوام کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ 

دسمبر 2024ء کے آخری ہفتے کے دوران تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری انسانی حقوق اور ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ شامل ہیں۔ 

دی نیوز سے بات چیت میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ان کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے ’’فیڈریشن کے امور سے متعلق پالیسی کے اصولوں کی پابندی اور نفاذ‘‘ پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی۔

 آئین کے مطابق ’’پالیسی کے اصول‘‘ اسلامی طرز زندگی کی فراہمی کے ریاستی اداروں کے عزم، بلدیاتی اداروں کے فروغ، ہر طرح کے تعصب کی حوصلہ شکنی، قومی دھارے میں خواتین کی بھرپور شرکت، خاندان اور اقلیتوں کے تحفظ، سماجی انصاف کے فروغ اور سماجی برائیوں کے خاتمے، عوام کی سماجی اور معاشی بہبود کے فروغ، مسلح افواج میں عوام کی شمولیت اور مسلم دنیا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے اور بین الاقوامی امن کو فروغ دینے سے متعلق ہیں۔

 احسن اقبال نے کہا کہ ماضی میں ان پالیسیوں کے نفاذ کیلئے کوئی واضح فریم ورک یا روڈ میپ نہیں تھا، حکومت اب ان پالیسیوں پر عمل درآمد کیلئے واضح حکمت عملی مرتب کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جنہیں ماضی میں عموماً نظر انداز کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید