راولپنڈی (نمائندہ جنگ)پاکستان اور بنگلہ دیش کی فوجی قیادت کا دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور ‘دوطرفہ شراکت داری کو کسی بھی بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ‘بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن کا وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو اورجوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ‘ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تفصیلی ملاقاتیں ‘خطے میں ابھرتی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال اور دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم کیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے پرنسپل اسٹاف آفیسرلیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطےکی صورت حال پرتبادلہ خیال اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پرغور کیا گیا اور دونوں جانب سے مضبوط دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زور دیاگیا‘ملاقات میں دونوں برادرممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعےعلاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیشی وفد نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تفصیلی ملاقات کی۔