ملتان (سٹاف رپورٹر) حضرت علیؓ کے یوم ولادت کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اس موقع پر کیک کاٹے گئے اور مقررین نے فاتح خیبر ؓ کی اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال خدمات پر آپؓ کو خراج عقیدت پیش کیا اور دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے شیر خداؓ کی تعلیمات پر عمل کرنے کا درس دیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز حضرت علیؓ کے یوم ولادت باسعادت کے سلسلے میں گلستان زہرا محلہ شاہ شکور النگ دولت گیٹ ملتان میں سید محسن رضا بخاری کے زیر اہتمام کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے دربار حضرت شاہ شمس کے سجاد نشین مخدوم سید عون رضاشمسی،معروف عالم دین علامہ سید علی احسن کاظمی،ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب خاور شفقت بھٹہ نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نجات کے لیے مقتدر طبقہ کو حضرت علیؓ کی تعلیمات کو حقیقی معنوں میں اپنانا ہوگا، دریں اثنا آستانہ فریدیہ ممتاز آباد میں حضرت علی ؓ کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی ، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ حضرت علی ؓ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہو کر مشکلات و مصائب سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے،امیر المومنین حضرت علی مرتضیٰؓ کی محبت ہمارے ایمان کی علامت ہے، آپ کی مقدس تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کو سنوارا جا سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین چادر والی سرکار سید علی حسین شاہ ،صدر جنوبی پنجاب پاکستان سنی تحریک ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر ،صدر میلاد فاؤنڈیشن پاکستان زاہد بلال قریشی،مرکزی صدر الخیر ویلفیئر آرگنائزیشن ملک عامر وینس،خواجہ ندیم مدنی صدیقی نے حضرت سیدنا علی المرتضیٰؓ کے یوم ولادت پر کیک کٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دعوت ذکر و فکر ڈیرہ اللہ ھو نیو ملتان پر محفل پاک بسلسلہ جشن ولادت با سعادت حضرت علیؓ ابن ابی طالب منعقد ہوئی، تحفظ عزاداری کونسل کےکوآرڈینیٹر سہیل حسنین بھٹہ، مرکزی سیکرٹری جنرل سید طالب حسین پروازنے کہا ہے کہ حضرت علی ؓنے دین اسلام کی سربلندی کے لیے اسلام دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ بابا تلوار شاہ میں سید حسن عباس رضوی کے زیر اہتمام جشن ولادت حضرت امام علی ؓ کے سلسلے میں کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر خطاب کے دوران کیا ، جشن ولادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں دربار پیر غلام یٰسین شاہ پر ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر سخاوت علی سیال کے زیر اہتمام منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی،علاوہ ازیں امیر المومنین حضرت علی ؓ کے یوم ولادت کے موقع پر اولڈ سٹوڈنٹس ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن فیکلٹی آف فوڈ سائنسز بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے اشتراک سے کیک کٹنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ حضرت علی ؓ نے دین اسلام کی ترویج کے لئے جو خدمات سر انجام دیں، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی، اس موقع پر معززین اور طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔