ملتان(سٹاف رپورٹر) پنجاب کو کپاس کی پیداوار کے لحاظ سے منفرد مقام حاصل ہے۔ پنجاب میں کپاس کی کاشت بارے پلان کی تیاری حتمی مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ایگریکلچر ہاؤس میں کپاس کی کاشت سے متعلق پلان کی تیاری بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژنز میں کپاس کی اگیتی کاشت کرائی جائے گی۔ کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔کپاس کی کاشت کیلئے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ کاٹن مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ امسال کپاس کی اگیتی کاشت کرنے والے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی پیکج بھی زیرِ غور ہے۔ مارکیٹوں میں کوالٹی بیج کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے دستیاب خالی زمینوں کا ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، رانا تجمل سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔