پشاور(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے کل 17 جنوری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے ، اس سلسلے میں جماعت اسلامی یبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئی پی پیز سے مہنگی بجلی خریدنے کے شرمناک معاہدوں کےخلاف گذشتہ سال جولائی سے امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے شروع کی گئی ملک گیر احتجاجی تحریک اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے 14آئی پی پیز کے ساتھ مہنگی بجلی خریدنے کے معاہدوں کی منسوخی کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی منظوری اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 10سے12روپے کمی کی نوید سنائی ہے لیکن جب تک بجلی کے عام گھریلو صارفین کو ریلیف نہیں دیاجائے گا تب تک جماعت اسلامی چین سے نہیں بیٹھے گی، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ھے کہ عوام اس موقع پر جماعت اسلامی کی پشت پر کھڑی ہو کر اپنے غصب شدہ حقوق کے حصول کے لئے 17جنوری کو جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی کال کو کامیاب بنائیں۔