پشاور( لیڈی رپورٹر )اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حالیہ نتائج کے خلاف پشاورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس کی قیادت صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین نے کی۔ناظم پشاور حسن امین اور دیگر ذمہ دار بھی موجود تھے۔طلباء نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی غیرشفافیت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔آفتاب حسین نے کہاکہ حالیہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں وفاقی یونیورسٹی کے طلبہ کو 14اضافی گریس مارکس دینے سے خیبرپختونخوا میں پہلے سے کامیاب امیداواروں کی حق تلفی ہوئی ہے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر فوری طور پر اس مسئلہ کا نوٹس لیں۔ایم ڈی کیٹ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے شفافیت کے عمل کو یقینی بنایاجائے۔انہوں نے وفاقی وصوبائی حکومت اور پی ایم ڈی سے مطالبہ کیاکہ میڈیکل کے طلباء وطالبات کے تحفظات کو سنے اور حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے تمام متاثرہ طلباء کیساتھ کھڑے ہیں۔