لندن (سعید نیازی) انگلینڈ کے علاقے بریڈفورڈ میں مقیم جیو نیوز و جنگ لندن کے نمائندے عبید مغل کے والد کو ڈاکوؤں نے کراچی میں لوٹ لیا۔ مسلح ڈاکوؤں نے ان کے والد حاجی گل ر حمٰن سے اسلحہ کے زور پر گیارہ لاکھ روپے چھین لئے اور بآسانی فرار ہو گئے۔ عبید مغل کے مطابق کراچی ضلع ملیر شاہ لطیف تھانے کی حدود میں گزشتہ روز دوپہر ایک بجے دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح ڈاکوؤں نے ان کے والد حاجی گل رحمٰن کو ان کو گھر کے دروازے پر گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔ ان کے والد جو کہ مقامی تاجر ہیں، وہ گیارہ لاکھ روپے کی رقم نیشنل ہائے وے پر قائم بینک اسلامی کی برانچ سے نکال کر السید سینٹر اپنے گھر پہنچے تھے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار تین ڈاکوؤں نے جو ان کا بینک سے ہی پیچھا کر رہے تھے، موقع پاتے ہی گھر کے دروازے پر بندوق کی نوک پر روک لیا اورگیارہ لاکھ روپے لوٹ لئے۔ مزاحمت کرنے پر ان کے اسی سالہ بزرگ والد کے کپڑے پھاڑ دیئے۔ واقعہ کی ایف آئی آر مقامی تھانے میں درج کرلی گئی ہے۔ عبید مغل کا کہنا ہے کہ اگر پولیس راستے میں موجود کیمروں کا بھی معائنہ کرے تو ڈاکوؤں تک بآسانی پہنچا جاسکتا ہے۔ اپنی مدد آپ کے تحت عبید مغل کے بھائی نے سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے حوالے کردئیے ہیں۔