راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں76وارداتوں میں شہری2گاڑیوں ایک رکشے ،17موٹرسائیکلوں ، موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے 12 افراد سے جھپٹا مار کر ان کے موبائل چھین لئے گئے۔ اسلام آباد میں بھی 11 وارداتوں میں7موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ، تھانہ نیلور کے علاقے سے ایک موٹر سائیکل ،تھانہ آبپارہ اورکورال کے علاقے میں تین موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔2 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔ راولپنڈی میں مختلف وارداتوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے 18موبائل اور نقدی چھین لی گئی ۔تھانہ ریس کورس کے علاقہ سادات مارکیٹ کے قریب 3موٹر سائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر حذیفہ فاروق سے موٹرسائیکل ،موبائل چھین لے گئے۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ سکیم تھری میں حماد منیر کی گاڑی میں ایک مسلح شخص زبردستی سوار ہوگیا جس نے گن پوائنٹ پر اسے دوسری گاڑی میں شفٹ کیا جس میں پہلے سے 3افراد موجود تھے وہ اسے باہتڑموڑ واہ کینٹ کے قریب اتار کراس کی کار مالیتی 70 لاکھ روپے لیکر چلے گئے گاڑی میں اس کاموبائل بھی تھا۔ تھانہ چکری کے علاقہ میں 3موٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پر حمزہ انوار کاموٹرسائیکل چھین کرلے گئے۔ ڈھوک درزیاں میں عامرخان کی دکان کے تالے توڑ کر ایک لاکھ 45ہزارروپے،گلشن نایاب میں شاہ نواز کے گھر سے 3 لاکھ روپے اور چار تولے طلائی زیورات، امتیازمارکیٹ میں نصیراحمد کے زیر تعمیر مکان سے سامان مالیتی 10لاکھ روپے،گلشن خالق چاکرہ میں محمد انیس رضا کے گھر کے اوپر والے پورشن سے تالے توڑ کر سونا مالیتی26لاکھ روپے ،ڈھوک چودھریاں میں امتیاز احمد بٹ کے گھر کے کمرے کی کھڑکی کی جالی کاٹ کرلیپ ٹاپ،موبائل اور 25 ہزار روپے چوری کرلئے گئے۔