• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

42 واں سالانہ عالمی یوم خطیب ِ اعظم عقیدت و محبت سے منایا گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) بانی جماعت ِاہل سنت، عاشقِ رسول خطیب اعظم حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑوی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو ایصالِ ثواب کے لئے ماہ رجب کے تیسرے جمعہ 17 جنوری 2025ء کو مولانا اوکاڑویؒ اکادمی (العالمی) اور گل زار حبیب ٹرسٹ کی اپیل پر دنیا بھر میں اہل سنت کی مساجد و مدارس، مراکز اور خانقاہوں میں 42واں سالانہ عالمی یوم خطیب اعظم عقیدت و محبت سے منایا گیا۔ علما و مشائخ اور ائمہ و خطبا نے اپنے خطبات میں حضرت خطیب اعظم کی حیات و خدمات، ذات و صفات اور دین و ملت اور ملک و قوم کے لئے ان کے مثالی کارہائے نمایاں اور عشق رسول کے حوالے سے ان کی گفتار و کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں والہانہ خراج محبت و عقیدت پیش کیا اور انہیں ایصال ثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی کی۔ بنگلہ دیش، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ہانگ کانگ، اسپین سمیت 49 ملکوں میں انفرادی اور اجتماعی طور پر سالانہ عالمی یوم خطیب اعظم منایا گیا۔ جموں کشمیر اور اجمیر شریف میں بھی خصوصی اہتمام سے یوم خطیب اعظم منایا گیا۔ عقیدت مندوں نے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، کربلا مقدسہ اور بغداد شریف میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا۔ بھارت میں 2,000 سے زائد مقامات پر یوم خطیب اعظم کے اجتماع ہوئے۔ سالانہ عالمی یوم خطیب اعظم کا مرکزی اجتماع جامع مسجد گل زار حبیب، گلستان اوکاڑویؒ (سولجر بازار) کراچی میں ہوا۔ جہاں ملک اور بیرون ملک سے علما و مشائخ اور عقیدت مند حضرات و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع میں اعلی حضرت بریلوی کے مرید 140 سالہ بزرگ سید نذر شاہ، بیرسٹر پیر سید وسیم الحسن نقوی حافظ آبادی، مولانا سید عظمت علی شاہ ہمدانی، صاحب زادہ فاروق حیدر شاہ ہمدانی سمیت متعدد معززین نے شرکت کی۔ قراردادیں پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ رد الخوارج کو صحیح طرح عملی جامہ پہنانے کے لیے سوشیل میڈیا سے خارجیت پھیلانے والوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے،مسلمانوں کے ساتھ عالمی سطح پر بدسلوکی اور ان کے قتل عام کا اقوام عالم نوٹس لیں۔ اجتماع میں ایصال ثواب کرتے ہوئے 82 لاکھ 29 ہزار 904مرتبہ ختم قرآن اور 2 کھرب 19 اَرب مرتبہ درود شریف کے وِرد اور کروڑوں مرتبہ پڑھے گئے اور اد وو ظائف کا ہدیہ پیش کیا گیا۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے اجتماعی دعا کی اور اعلان کیا کہ 43 واں سالانہ عرس 09-08 جنوری 2026ء کو منعقد ہوگا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید