• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیف علی خان پر چاقو حملہ: ملزم کو چلتی ٹرین سے گرفتار کرلیا گیا

بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزم کو چلتی ٹرین سے گرفتار کیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو درگ ریلوے اسٹیشن پر ممبئی پولیس کی نشاندہی پر چھتیس گڑھ میں چلتی ٹرین سے حراست میں لیا گیا۔

مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد اس کی تصویر ممبئی پولیس کو بھیجی گئی جس نے ویڈیو کال پر ملزم کی شناخت کی تصدیق کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس مشتبہ شخص کی لوکیشن کی نگرانی کر رہی تھی اور انہوں نے ریلوے پولیس کو اس کی معلومات فراہم کیں۔ ریلوے پولیس کی ٹیم نے سادہ لباس میں مشتبہ شخص کو گرفتار کیا اور اس کی تصویر ممبئی پولیس سے شیئر کی، جنہوں نے اس کی شناخت کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ اداکار سیف علی خان پر جمعرات کی رات تقریباً 2:30 بجے ان کے باندرہ ویسٹ کے اپارٹمنٹ میں 6  مرتبہ چاقو سے حملہ کیا گیا۔ انہیں فوری طور پر لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی ریڑھ کی ہڈی سے 2.5 انچ بلیڈ نکالنے کے لیے پانچ گھنٹے کا طویل آپریشن کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کے گردن کے دائیں جانب ایک لمبا زخم، دائیں کندھے پر ایک اور کٹ، اور پیٹھ کے بائیں جانب ایک گہرا زخم تھا۔ اس کے علاوہ ان کے بائیں کہنی پر ایک معمولی خراش بھی دیکھی گئی۔

ممبئی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ حملہ آور کی شناخت بلڈنگ کی CCTV فوٹیج سے کی گئی، جس میں وہ حملے کے بعد فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید