کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں 9 ارب 28کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری کے بعد صنعتی علاقوں کے لئے ایک اور بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، ترقیاتی کاموں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مجوزہ نگران کمیٹی کے ذریعے تمام منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کے لئے 9 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری حکومت سندھ کا تاریخی اور بروقت فیصلہ ہے۔ حکومت کراچی کو دوبارہ مضبوط، فعال اور مسابقتی صنعتی مرکز بنانے کے لئے پوری سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا دل ہے۔ صنعتی زونز کی بحالی اور ترقی براہِ راست روزگار، برآمدات اور سرمایہ کاری سے جڑی ہوئی ہے۔ صنعتی علاقوں کے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لئے جامع روڈ میپ کے تحت پیر سے ترقیاتی کام شروع ہوں گے اور 6 ماہ کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔