• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27 ویں ترمیم یکطرفہ ہوئی، آئین کو متنازع بنانے سے گریز کرنا چاہیے، فضل الرحمٰن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے27ویں ترمیم یکطرفہ ہوئی ہے،ہمیں آئین کو متنازع بنانے سے گریزکرنا چاہیے، پیس کیپنگ فورس کے حوالے سے پاکستان قطعی یہ غلطی نہ کرے، ہمیں عالمی سطح پرمتنازع نہیں بننا چاہیے۔جبکہ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آج ہر ایک کو پاکستان کیساتھ کھڑے ہونے کی زیادہ ضرورت ہے ،فیلڈ مارشل ملک میں معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہاردونوں رہنماؤں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اس وقت دشمن وطن عزیز بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کو ہمارے خلا ف استعمال کررہاہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں 70سال کی افغان پالیسی کوڈسکس کرنا چاہیے، ہمیں اپنی افغان پالیسی پربھی غورکرنا چاہیے، ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے کہیں ہماری اپنی توناکامی نہیں، آئین کہتا ہے قانون سازی قرآن وسنت کے مطابق ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اٹھارہ سال سے کم عمرشادی، گھریلوتشدد کے حوالے سے اسلام کے منافی قانون سازی ہوئی، دینی مدارس بھی ایک ادارہ ہے،ہم سب چیزوں میں پیچھے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سرسید یونیورسٹی کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کردی گئی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری پیش کی۔ گورنرسندھ نے اپنے ہاتھوں سے تیارکردہ حلیم مولانا فضل الرحمن اور ان کے رفقائے کا رکو دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے گورنرہاؤس میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا ۔
اہم خبریں سے مزید