اسلام آباد (فاروق اقدس) ممتاز ہندوستانی کاروباری شخصیت مکیش امبانی اپنی اہلیہ نیتا امبانی کے ہمراہ امریکہ میں صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرینگے، اس دوران وہ ممتاز کاروباریوں اور سیاسی لیڈروں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارتی عہدے کی حلف برداری کی تقریب میں ریلائنس انڈسٹری کے سربراہ اور کاروباری شخصیت مکیش امبانی اپنی اہلیہ کے ہمراہ شرکت کرینگے اور نو منتخب صدر ٹرمپ کے ساتھ ’’کینڈل لائٹ ڈنر‘‘ میں بھی شرکت کرینگے جس کے بعد منتخب نائب صدرجے ڈی وانس اور ان کی ہندوستانی نژاد بیوی اوشا وانس کے ساتھ قریبی بات چیت ہوگی۔ ٹرمپ کی دوبارہ عہدے صدارت کی حلف برداری ایک ہائی پروفائل تقریب ہوگی، جس میں کئی غیر ملکی لیڈر سفارتکار اور بااثر کاروباری افراد شامل ہوں گے۔