قمبر علی خان(نامہ نگار) وفاقی حکومت کی جانب سے دریائے سندھ پر چھ نئے کینال بنانے کے اعلان کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی (ش ب) ضلع قمبر کی طرف سے ایک بڑا احتجاجی جلوس نکالا گیا جلوس کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور پارٹی جھنڈے تھے جلوس شہر کے مختلف روڈوں سے نعرے بازی کرتا ہوا قمبر کے مین بھٹو چوک پر پہنچا جہاں ایک جلسے کی صورت اختیار کرگیا اس موقع پر علی رضا پلیپوٹو، برکت میرجت، حبیب پتوجو، محمد جان بروہی، اعجاز بلیدی اور اللہ ڈنو گوپانگ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دریائے سند ھ پر پنجاب میں چھ نئے کینال نکالنے کے اعلان اور ڈرافٹ پر دستخط کرکے صدر آصف زرداری نے سندھ کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے انہوں نے کہاکہ اگر دریائے سندھ پرنئے کینال نکالے گئے تو سندھ بھر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترسیں گے انہوں نے کہاکہ یہ پانی کا مسئلہ دراصل سندھ کی بقا کا مسئلہ ہے جبکہ آصف زرداری نے سندھ کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر دستخط کرکے سندھ کے عوام کو سخت اذیت سے دوچار کیا ہے کیونکہ دریائے سندھ، سندھ کی بقا کا واحد ذریعہ ہے اس منصوبے کےذریعے پنجاب کی لاکھوں ایکڑ زمین آباد کرکے سندھ کو بنجر بنانے کی ایک مبینہ سازش کی جارہی ہے جس میں آصف زرداری اور بلاول زرداری دونوں کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔