اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت کی جانب سے خسارے میں چلنے والے یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کو پرائیوٹ کرنے یا پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ پر چلانے کی طرف جارہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی تنظیمِ نو اور آپریشنز کی اصلاح شروع کردی گئی ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت نے خسارے میں چلنے والے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے فیصلہ کیا ہے جس کے تحت عملے کی تعداد کم کی جائے۔
بتایا گیا ہے کہ فیصلہ قومی ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اور مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے لیا گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز کی تنظیم نو پر وزارتِ خزانہ کی رائے شامل کرکے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، تنظیمِ نو کا پہلہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں نجکاری کو بغیر کسی تاخیر کے ممکن بنایا جائے گا۔
اسی حوالے سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو پرائیوٹ کرنے یا پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ پر چلانے کی طرف جارہے ہیں، وزیر اعظم رمضان میں عوام کے لیے جلد بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب پر وفاقی وزیر نے مؤقف دیا کہ پی ٹی آئی این آر او کے لیے منتیں کررہی ہے لیکن تحریک انصاف سے نہ ڈیل ہو گی نہ ڈھیل ہوگی۔