اسلام آباد (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر برائے صحت، سماجی بہبود اور خصوصی تعلیم اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی خصوصی مندوب بیگم عفیفہ ممدوٹ انتقال کرگئیں۔ بیگم عفیفہ ممدوٹ نواب سر محمد جمال خان لغاری کی بیٹی تھیں جنہوں نے 1921 میں پنجاب قانون ساز کونسل میں ڈیرہ غازی خان کی نمائندگی کی ۔ نواب سر محمد جمال خان لغاری کو آزادی کے بعد مغربی پنجاب قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ بیگم عفیفہ ممدوٹ کی شادی نوابزادہ ذوالفقار علی خان ممدوٹ سے ہوئی تھی ، جو ممدوٹ کے نواب شاہنواز خان کے بیٹے اور تحریک پاکستان اور مسلم لیگ کے چیف اسٹیورڈز میں سے ایک تھے۔ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قل خوانی منگل 21 جنوری کو سہ پہر 3 بجے ہوگی۔