ملتان(سٹاف رپورٹر) آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاورلومز انڈسٹری کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انڈسٹری کی بحالی کے لئے مختلف فورمز پر آواز اٹھانے کے لئے 25 جنوری سے رابطہ عوامی مہم شروع کرنے کا اعلان کیاہے ،اس کااعلان آل پاکستان پاورلومز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ، جس کی صدار ت آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر عبد الخالق قندیل انصاری نے کی ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر معمولی قیمتوں اور ٹیکسوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث پاور لومز انڈسٹری شدید متاثر ہورہی ہے،حکومت کی بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے کوششیں قابل تحسین ہیں ،لیکن یہ کافی نہیں ہیں ، حکومت کو چاہئےتھا کہ وہ فوری طورپر ایسی انڈسٹری کو خصوصی ریلیف دیتی ،جو ملکی زرمبادلہ میں 75فی صد اپنا حصہ ڈال رہی ہے ، اس سے نہ صرف پاورلومز انڈسٹری بحرانی کیفیت سے نکل سکتی ہے ،بلکہ ملک بھی بحرانی کیفیت سے نکل سکتا ہے ،اجلاس میںچئیرمین حاجی بشیر پہلوان ، حاجی ارشاد قادری ،یونس انصاری ، شوکت علی انصاری ، حاجی نذیر احمد انصاری ، ثناءاللہ ، صابر علی ، شاہد ابراہیم ، مشتاق احمد ، مبارک علی ، محمد یوسف انصاری ، محمد اشرف گوگا ،جاوید انصاری ، عمران وارث ، ولید تاج ، ندیم ، حافظ معاذ ، یونس لاہوری ، گوشہ پہلوان و دیگر نے بھی شرکت کی ۔