کراچی(اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی میں مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کرنے والے 3ملزمان کو پولیس نے مقابلہ کے بعد ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں گولیاں لگنے سے 3 راہگیر زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانہ کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر5C-3میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحہ کے زور الیکٹرانک اور دودھ کی دکان پر لوٹ مار کے دوران فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ،فائرنگ کی اطلاع پرگشت پر معمور شاہین فورس جوانوں نے موقع پرپہنچ کرمقابلہ کے بعد 2 ملزمان کو موقع پر ہلاک کردیا جبکہ ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ،ایس ایچ او تھانہ خواجہ اجمیر نگری سرفراز کمانڈو نے بتایا ہےکہ ملزمان نے ملک شاپ پر ڈکیتی کی نیت سے فائرنگ کی اور لوٹ مار کے لئے ملک شاپ میں موجود افراد کو دکان کا دروازہ کھولنے کا کہا تاہم دکانداروں کی جانب سے دروازہ نہیں کھولا گیا جس پر ملزمان نے دکان پر فائرنگ کی اور ساتھ میں موجود الیکٹرانک دکان میں افراد سے لوٹ مار کی،ملزمان کی فائرنگ سے الیکٹرانک دکان کا مالک جہانزیب ولد ابراہیم ،اسکا بھائی سبحان ولد ابراہیم اور خرم نامی شخص زخمی ہوگئے،گشت پر مامور پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کی۔