اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے 190ملین پاونڈز ریفرنس کے فیصلے سے متعلق 17جنوری کے اعلامیہ سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے نہ کوئی بیان دیا نہ پریس ریلیز جاری کی ، جعلی پریس ریلیز کے معاملے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کرینگے، پاکستان بار کونسل کے سیکرٹری کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان بار کونسل کی ایک جعلی پریس ریلیز زیر گردش ہے جس پر 17 جنوری کی تاریخ لکھی گئی ہے، اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل ہمیشہ اپنے آفیشل اکاؤنٹ اور فیس بک پیج کے ذریعے ہی میڈیا کو پریس ریلیز جاری کرتی اوراسے ویب سائٹ پر بھی آویزاں کرتی ، 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کے عدالتی فیصلے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔