اسلام آباد (نامہ نگار) صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ صحافی تحریک آزادی کشمیر کو اُجاگر کرنے کیلئے جہاں اپنے قلم کا استعمال کریں وہاں پر سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذریعے بھی اپنا رول ادا کر سکتے ہیں۔ میں شفاف احتساب کا حامی ہوں، کرپشن ختم کئے بغیر کوئی ریاست ترقی نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ تقریب میں صدارتی مشیر سردار امتیاز خان‘ صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی‘ سینئر صحافی محسن رضا‘ نواز شریف‘ سلطان سکندر‘ عرفان سدوزئی‘ انور رضا‘ چوہدری جاوید اقبال‘ خاور نواز راجہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی فوری تعیناتی ہونی چاہئے، آئینی ادارے کے سربراہ کا خالی رہنا مناسب بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی وزیراعظم مودی کو بے نقاب کیا اور بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیاہے۔