راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سر )راولپنڈی ڈویژن اور اس سے ملحقہ آبادیوں کو میرپور سے ملانے والی کلرسیداں تا دھان گلی شاہراہ کی بحالی کے منصوبے کا 75فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔ فنڈز کی بروقت فراہمی کی صورت میں یہ منصوبہ رواں مالی سال میں مکمل ہوجائے گا ۔محکمہ ہائی وے پنجاب راولپنڈی آفس کے حکام کے مطابق 20کلومیٹر شاہراہ کی سب بیسمنٹ ، کارپٹنگ ، شولڈرز کے ساتھ پلیوں کی کشادگی ، ٹرنز کی کشادگی اور ایک بڑے پل کی سلیب کا کام تھا ،سڑک پر کارپٹنگ کا زیادہ تر کام مکمل کیا جا چکا ہے ، پل پر سلیب کا کام جاری ہے ، جبکہ سڑک کے دونوں اطراف شولڈرز پر ابھی کام ہونا باقی ہے۔ حکام کے مطابق باقی کام کیلئے تقریباً پچاس کروڑ روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے۔ اگر یہ رقم بروقت مل جاتی ہے تو منصوبے کا باقی پچیس فیصد کام بھی رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا ۔اہل علاقہ کے مطابق عوامی اہمیت کے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پنجاب حکومت خصوصاً محکمہ ہائی وے پنجاب لاہور کو فنڈز کی فوری فراہمی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں ۔