کراچی (رفیق مانگٹ )ٹرمپ کی آمد اور ہندوستان کی پریشانیاں، امریکی ٹی وی کاکہنا ہے کہ امریکی صدر کی تعمیل کرنے اور تجارتی جنگ سے بچنے کے لیے نئی دہلی آمادہ ہے ، ہندوستان امریکا میں اپنےغیر قانونی تمام شہریوں کی شناخت اور انہیں واپس لینے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے، یہ نئی دہلی کی جانب سے ابتدائی اشارہ ہے کہ وہ آنے والے امریکی صدر کی تعمیل کرنے اور تجارتی جنگ سے بچنے کے لیے تیار ہے۔ امریکہ نے تقریباً 18ہزار غیر قانونی ہندوستانی تارکین وطن کی شناخت کی ہے جنہیں وطن واپس بھیجا جائے گا، جس کی ہندوستان تصدیق کرے گا اور ملک بدری کا عمل شروع کرے گا۔ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے غیر قانونی ہندوستانی تارکین وطن امریکا میں رہتے ہیں۔ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان سمیت برکس ممالک پر 100 فیصد ٹیرف کی دھمکی دی جاچکی ہے ، بھارت کا برآمدی شعبہ متاثر ہوگا ، بھارتی صارفین کو امریکا سے درآمد شدہ اشیا کی زیادہ قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا کے ڈبلیو ایچ او سے نکلنے کے بعد ہندوستان کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق کئی دیگر ممالک کی طرح، بھارت بھی ٹرمپ انتظامیہ کو مطمئن کرنے اور اس کے تجارتی خطرات سے بچنے کے لیے پردے کے پیچھے کام کر رہا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق، 2023 میں دیے گئے 386000 ایچ ون بی ویزوں میں سے تقریباً تین چوتھائی ہندوستانی شہری تھے۔امریکا کے ڈبلیو ایچ او سے نکلنے کے بعد ہندوستان سمیت تمام ممالک میں اس کا کام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ڈبلیو ایچ او ہندوستان کے متعدد صحت پروگراموں میں حصہ لیتا ہے ایچ آئی وی، ملیریا اور تپ دق، اینٹی مائکروبیل مزاحمت، وغیرہ پر کام کرنا۔ ٹرمپ ماضی میں امریکی مصنوعات پر اعلیٰ محصولات عائد کرنے پر بھارت سمیت متعدد ممالک کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہندوستان جیسے ممالک امریکی اشیا پر زیادہ ٹیرف لگاتے ہیں تو واشنگٹن ہندوستانی درآمدات پر اسی طرح کے محصولات کا جواب دے گا۔گزشتہ سال دسمبر میں ٹرمپ نے واضح کیا تھا کہ ان کی انتظامیہ ٹِٹ فار ٹِٹ کا طریقہ اپنائے گی، یہ کہتے ہوئے کہ ’’اگر وہ ہم پر ٹیکس لگاتے ہیں تو ہم اُن پر بھی اتنا ہی ٹیکس لگائیں گے۔ افتتاحی خطاب میں ٹرمپ کہا کہ ان کی پالیسیاں امریکہ کو ایک بار پھر ایک مینوفیکچرنگ ملک بنا دیں گی۔ گزشتہ سال دسمبر میں، ٹرمپ نے ہندوستان سمیت برکس ممالک پر 100 فیصد ٹیرف کی دھمکی بھی دی تھی۔