کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کی سرکاری جامعات میں پانچویں روز بھی جامعات میں بیوروکریٹس کی تعیناتی کے خلاف تدریسی عمل معطل رہا،جس سے طلبا کو پریشانی ہوئی جبکہ اساتذہ تنظیموں نے سندھ حکومت سے یونیورسٹیز ایکٹ میں ممکنہ ترمیم کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیاہے اورجمعرات اور جمعہ کو بھی بائیکاٹ برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ۔سندھ کی جامعات کے اساتذہ یونیورسٹی روڈ پر سراپا احتجاج رہے اساتذہ اپنے حق کیلئے سڑکوں پر نکل آئے جس میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ، این ای ڈی یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے اساتذہ سراپا احتجاج تھے۔ احتجاج یونیورسٹی ترمیمی بل اور اساتذہ کی جامعات میں عارضی بنیاد پر تقرری کے خلاف کیا گیا ۔