کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان کے پہلے ٹیسٹ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا لیکن چیئرمین محسن نقوی کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے سہ فریقی ٹورنامنٹ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان نہیں ہوسکا ہے۔ جبکہ صائم ایوب کی رپورٹس کا بھی انتظار ہے۔ ایسے میں شان مسعود اور فخر زمان کے بعد اب خوش دل شاہ کی واپسی کے لئے قیاس آرائیاں ہورہی ہیں۔ سلیکٹرز نے ان کی حالیہ آل راؤنڈر پرفارمنس پر غور کیا ۔ خوشدل شاہ بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں خوشدل شاہ نے 73 ، 46 ، 27، 59 اور 48 رنز کی اننگز کھیلی ہیں جبکہ 8 میچز میں 11 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔ خیال رہے کہ انہوں نے اب تک دس ون ڈے انٹر نیشنل میں 199 رنز بنا ئے ہیں اور دو وکٹیں لیں ۔ انہوں نے پاکستان کے لئے آخری میچ اگست 2022 میں نیدر لینڈز کے خلاف کھیلا تھا۔