• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو جیل میں رکھنا حکومت، PTI کا مذاکرات کا ہدف تھا، فیصل واوڈا

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر سیاستدان اورسینیٹر فیصل واؤڈا نے کہا میں تو کئی دن سے کہہ رہا ہوں کہ یہ مذاکرات نہیں مذاق ہورہا ہے کیونکہ جو پی ٹی آئی کی کمیٹی بنائی گئی ہے اس میں سنجیدہ مذاکرات والے لوگ ہی نہیں اسی طرح حکومت کا بھی حال ہے دونوں کا ہدف یہ ہے کہ عمران خان جیل میں رہے اور دونوں نے اپنا ہدف پورا کرلیا ہے ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میںمیزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ پارلیمانی لیڈر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ عمران خان ہی ہیں جنہوں نے 26 نومبر کے سانحے کے بعد بھی مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی اور خود سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی جو انکے بڑے دل کا مظاہرہ تھی یہ کمیٹی خانصاحب نے میری موجودگی میں ہی تشکیل دی تھی جس میں سلمان اکرم راجہ،عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، علی امین گنڈا پور، اسد قیصر اور علامہ راجہ ناصر عباس جسے پاور فل افراد شامل تھے، پیکا ایکٹ پر بات کرتے ہوئے زر تاج گل نے کہا کہ اس کا مقصد پیکا بل کا مقصد سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ کو خوفزدہ کرنا ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جو سنجیدہ مذاکرات والے لوگ ہیں وہ تو مذاکراتی کمیٹی سے باہر بیٹھے ہیں کیونکہ وہ عمران خان کو بچانا چاہتے ہیں میں حق کی بات کررہا ہوں اس سے میرا مقصد پی ٹی آئی میں تنازع پیدا کرنا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ٹرمپ کارڈ کی جو ہوا تھی وہ اب نکلنا شروع ہوگئی ہے۔حامد میر کی جانب سے پراپرٹی ٹائیکون کے اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فیصل واؤڈا نے کہا کہ پراپرٹی ٹائیکون کے پاس جو بھی چیزیں ہیں اس کیلئے آج کی اسٹیبلشمنٹ آج کا آرمی چیف لبیک کہے گا وہ تو اسکی مدد ہوگی آپ کو چاہئے کہ وہ ساری چیزیں بھیجیں جب انہوں نے جنرل فیض حمید جیسے کو احتساب کے اوپر قربان کردیا تو پھر بھلا وہ کیسے کسی فوجی کو بھلے وہ آج کا ہو یا پرانا ریٹائر ہو اس کو کیسے چھوڑ دیں گے اور یہ بات میں ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں اور میں تو ان کو اور انکے بیٹے کو فون کرکے کہوں گا کہ یہ قوم کے اوپر انکی خدمت ہوگی کہ جو شواہد انکے پاس ہیں وہ فوری طو رپر بھیجیں یا دکھائیں میں اسٹیبلشمنٹ کی گارنٹی دیتا ہوں کہ انکا کوئی ہوا تو وہ بچے گا نہیں باقی کی گارنٹی نہیں دے سکتا کہ وہ سب پیٹی بند بھائی ہیں ایک دوسرے کو بچالیں گے یہاں تو ان سے پچھلی کئی حکومتوں نے حتیٰ کہ آج کی حکومت نے بھی فوائد اٹھائے ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید