راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن ڈائریکٹراور دیگر اہم افسروں کی سیٹیں خالی ہونے سے عضومعطل بن گیا۔ کئی ماہ سے اہم پوسٹوں پر تقرریاں نہ ہونے سے راولپنڈی ریجن کے صوبائی محکموں میں چیک اینڈ بیلنس کامیکانزم مفلوج ہوکررہ گیا۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ایسٹیبلشمنٹ راولپنڈی ریجن کے ڈائریکٹر کی اسامی تقریباً 5ماہ سے خالی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر کی چار اہم آسامیاں جن میں ڈپٹی ڈائریکٹرانوسٹی گیشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ،ڈپٹی ڈائیریکٹرپراسیکیوشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر چکوال کی سیٹیں شامل ہیں خالی پڑی ہیں۔اسی طرح سرکل آفیسرہیڈ کوارٹر،سرکل آفیسر چکوال،اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمپلینٹ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل اور سپرنٹنڈنٹ کی سیٹوں پر بھی تقرریاں نہیں ہوسکیں ۔اینٹی کرپشن افسروں کے کمروں کوتالے لگے ہیں اور بڑی تعدادمیں درخواستیں اور انکوائریاں التوا کاشکار ہیں جس سے سائلین کو شدید مشکلات کا سامناہے ۔ ادھر افسروں کی عد م موجودگی کے باعث کلریکل سٹاف من مانیاں کررہاہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور صوبائی حکومت کی عدم توجہی کے باعث اس اہم محکمہ کے حالات دگرگوں ہیں ۔