بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے وی لاگنگ کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد اپنے گانے میں لاہور کے خوبصورت رنگ پیش کردیے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں اپنے گانے ’امیدوں کی آئے نہ کوئی خبر‘ میں لاہور کے مختلف علاقوں کے مناظر دکھائے ہیں۔
گلوکار نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ جیون ہے لمبا سفر الحمداللّٰہ۔۔
عاطف اسلم کی اس ویڈیو کو مداح خوب پسند کررہے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ عاطف اسلم نے ایک شاندار منصوبہ ’بارڈر لیس ورلڈ‘، کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد فنون لطیفہ میں موجود رکاوٹوں کو توڑنا اور ابھرتے ہوئے موسیقی کے ہنر مندوں کےلیے عالمی پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
گزشتہ دنوں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاطف اسلم نے ’بارڈر لیس ورلڈ‘ کو ایک ایسا پلیٹ فارم قرار دیا تھا جہاں موسیقار، شاعر اور فنکار اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر پیش کر سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی دنیا ہوگی جہاں تخلیقی صلاحیتوں پر کوئی حد بندی نہیں ہوگی اور خواب سرحدوں سے بالاتر ہوں گے۔
اس تقریب میں نمایاں شخصیات شریک ہوئیں جن میں گلوکار ساحر علی بگا اور بلال سعید، اداکار حمزہ علی عباسی اور صبا قمر، ماڈل و اداکار عماد عرفانی اور میزبان انوشے اشرف شامل تھے۔