• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی اپنے افسر کیخلاف کارروائی کی درخواست

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان نے مبینہ طور پر صوبائی وزیر کے دوست کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے اور محکمے کے افسران کو بغاوت پر اکسانے پراپنے ہی محکمے کے افسر کے خلاف کارروائی کی درخواست دے دی ۔ محکمہ پی ایچ ای بلوچستان کی جانب سے ایف آئی اے بلوچستان کے سائبر کرائم ونگ کو لکھے گئے مراسلے میں کہاگیا ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انجینئر شکیل بلوچ نے وٹس ایپ گروپ بنا رکھا ہے جس میں وہ افسران کو محکمے کے خلاف بغاوت اور صوبائی وزیر کے دوست کاشف کے خلاف اکسانے میں ملوث ہے اور وہ صوبائی وزیر، انکے دوست اور محکمے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہا ہے ،محکمہ پی ایچ ای حکام نے مراسلے میں شکیل بلوچ کے خلاف ہتک عزت، بلیک میلنگ اور غلط اطلاعات پھیلانے کے الزامات کے تحقیقات اور قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی ۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر محکمہ پی ایچ ای کے افسر انجینئر شکیل بلوچ نے بتایا کہ کاشف نامی شخص محکمے کے افسران پر دباؤ ڈال رہا ہے جبکہ ان کے دباؤ میں نہ آنے پر مجھے گزشتہ سال مئی میں پہلے او ایس ڈی اور ستمبر میں معطل کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ یا دباؤ کا شکار نہیں ہوںگا ۔انہوں نے حکام سے محکمے میں مداخلت کا نوٹس لیکر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
کوئٹہ سے مزید