کراچی(اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق کورنگی گودام چورنگی کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 43 سالہ اویس ولد اعجاز جاں بحق اور 24 سالہ عثمان ولد گل فراز زخمی ہوگیا،حادثے کا ذمہ دار ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ماڑی پور روڈ پر تیز رفتاررکشا ٹریلر میں جاگھسا جس کے نتیجے میں رکشا میں سوار ایک خاتون اور تین بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت 40 سالہ شیرین زوجہ شیر محمد،10 سالہ تیبہ دختر شیر محمد،8 سالہ عمر ولد شیر محمد،12 سالہ ابوحوریراولد شیر محمد،55 سالہ شیر محمد ولد شاہد اور 70 سالہ دولت مند ولد دلبر کے ناموں سے ہوئی،زخمی دولت مند رکشا ڈرائیور اور دیگر زخمی ایک ہی خاندان کے افراد ہیں جو رکشا میں سوار تھے، منگھوپیر ناردرن بائی پاس ہمدرد یونیورسٹی کے قریب تیزرفتار مال بردار ٹرک الٹ گیا،حادثے کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ،اطلاع ملنے پرپولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پرپہنچے،خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔