کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے وزیر اعلیٰ سندھ کے صوبے کی سرکاری جامعات اور وائس چانسلرز کے بارے میں ریمارکس کے حوالے سے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے تعلیم سے وابستہ معزز شخصیات کے بارے میں وڈیرانہ لب و لہجہ اختیار کر کےاپنی پست ذہنی سطح کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اصل مسئلہ جامعات کی خودمختاری کو ہدف بنا کر اپناتابع کرنا اور اساتذہ کی مستقل تقرری کی بجائے انہیں کنٹریکٹ پر بھرتی کرنا ہے اور جامعات میں تسلیم سے وابستہ سینئر اساتذہ، وائس چانسلرز کو مقرر کرنے کے بجائے بیورو کریٹ کو تعینات کرنا ہے جب کہ یہ بات ہر محقق اچھی طرح جانتا ہے کہ بیورو کریٹس نے پاکستان کے دیگر شعبوں کا کیا حال کیا ہے۔ اس ساری حقیقت کے سامنے ہونے کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ، بیورو کریٹس کو سرکاری جامعات کا وائس چانسلربنانے پر مصر ہیں۔