کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ہے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلہ، برمی اور بہاری کمیونٹی کے ساتھ ہے، انہیں محب ِ وطن ہونے اور پاکستانی ثابت کرنے کے لیے کسی سرٹیفیکٹ کی ضرورت نہیں، ان سے امتیازی سلوک اور نادرا میں قومی شناختی کارڈ کے حصول میں غیر ضروری اور ناجائز رکاوٹیں کسی صورت قبول نہیں، ہم ہر فورم پر ان کا مقدمہ لڑیں گے، ضرورت پڑی تو احتجاج اور دھرنا بھی دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت ادارہ نور حق میں بنگالی، برمی اور بہاری کمیونٹی کے شناختی کارڈ بنوانے میں ایک بار پھر سے رکاوٹوں اور مشکلات و پریشانیوں کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،متاثرین نے بتایا کہ نادرا کے دفاتر میں ان کے ساتھ ایک بار پھر سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، بنگالی، برمی اور بہاری کمیونٹی کو خاص ٹارگٹ کیا جارہا ہے،ہمیں جماعت اسلامی سے امید ہے کہ وہ ہمارے شناختی کارڈ بنوانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی، ہم محب وطن ہیں لیکن ہمیں غیر ملکی سمجھا جاتا ہے اور ہماری شناخت پوچھی جاتی ہے،متاثرین نے مطالبہ کیا کہ انٹیلی جینس اسپیشل برانچ کی گھر گھر چیکنگ کا عمل فوری روکا جائے،منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی نے بنگلہ و برمی زبان بولنے والوں کو تنہا نہیں چھوڑا اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیا، پیپلز پارٹی گزشتہ 35 سال سے کراچی پر قابض ہے لیکن اس نے بھی بنگالی، برمی اور بہاریوں کا مسئلہ حل نہیں کیا ہے، ادارہ نور حق میں طویل عرصے سے قائم نادرا ڈیسک ہفتہ وار جمعہ کوکام کر رہی ہے اورہم کراچی کے تمام اضلاع میں بھی نادراڈیسک قائم کر رہے ہیں۔