• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خاتمے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی ہے۔ ٹاسک فورس کی سربراہی وزیرِ اعظم خود کریں گے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے افراد کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے۔ وزیر اعظم نے یہ ٹاسک فورس گزشتہ روزغیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے واقعے پر بلائے گئے ہفتہ وار اجلاس کے دوران تشکیل دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث انسانیت کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے افراد کی گرفتاریوں میں تیزی لائی جائے۔تمام ادارے بشمول وزارت خارجہ انسانی اسمگلروں کی نشاندہی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے دلخراش واقعے پر مجھ سمیت پوری قوم مغموم ہے۔وزیرِ اعظم کو اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات میں ملوث گروہوں، پاکستان میں مختلف اداروں کی جانب سے گرفتاریوں، ایف آئی آرز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اہم خبریں سے مزید