کراچی ( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے آن لائن لاٹری کے نام پر ملکی اور غیر ملکی شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے احسن آباد گلی نمبر 8 پلاٹ نمبر 310 میں کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان ظفر راجپوت ، فیاض رضا خان، محمد عمران اور محمد اشرف کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان آن لائن اپلیکیشنز کے ذریعے درہم ، یورو اور پاکستان روپے میں آن لائن لاٹری کا لالچ دے کر شہریوں سے رقوم لوٹنے میں ملوث ہیں۔ملزمان پاکستان ،سعودی عرب، کویت ، متحدہ عرب امارات اور دیگر غیر ملکی شہریوں سے او ٹی پی ( otp) حاصل کر کے فراڈ کرتے اور شہریوں سے لوٹی گئی رقم انٹرنیٹ بینکنگ ٹرانسفر کے ذریعے منتقل کر کے کال سینٹر چلا رہے تھے۔ملزمان سے برآمد موبائل فونز اور ڈیجیٹل ڈیوائس سے "فرینڈز سرچ فار واٹس ایپ" کے نام سے آن لائن ایپلیکیشن، وائس اوور آئی پی ( voip ) اور دیگر سافٹ وئیر چلانے کے شواہد ملے ہیں۔ملزمان ایپلیکیشن کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی شہریوں کے رابطہ نمبر واٹس ایپ پر سرچ کر کے انھیں کال کرتے اور اور کم انٹرسٹ ریٹ پر انعامی لاٹری کا لالچ دے کر ان کے کریڈٹ کارڈز کا ڈیٹا چرا کر ان کی رقم لوٹ لیتے۔ملزمان کے موبائل فونز سے منی گرام ، ویسٹرن یونین ، ووڈا فون ، بی بی سی نیوز لاٹری کے جعلی دستاویزات اور کویتی پولیس کا لوگو بھی ملا ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 7/2025 درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔