اسلام آباد (نمائندہ جنگ)ای سی سی کی جانب سے صنعتی شعبے کے لیے گیس ٹیرف میں اضافہ منظور، گھریلو صارفین کے لیے اضافہ مسترد کر دیا گیا ہے۔ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف کو 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے صنعتی شعبے (کیپٹو پاور) اور غیر محفوظ گھریلو زمرہ جات کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، چیئرمین اوگرا، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ای سی سی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد مالی سال 2024-25 کے دوران گیس کے شعبے کے لیے مطلوبہ آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف کو 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دے دی۔