اسلام آباد(پی پی آئی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، را شد محمود لنگڑیال، نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ پاکستان کسٹمز نے پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) اور فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ (ایف سی اے) سسٹم کے نفاذ کے ذریعے اپنی کارروائیوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے، کسٹمز نے کارکردگی میں بہتری کے لیے جدید نظام لاگو کر دیے۔ ان پیشرفتوں نے تجارتی عمل کو بہتر بنایا ہے، جس کے نتیجے میں آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور برآمدی سامان کی کلیئرنس تیز ہو گئی ہے۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان کے مطابق، را شد محمود لنگڑیال نے یہ باتیں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے-2025 کے موقع پر کسٹمز ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کراچی کی تاجروں کی برادری کی جانب سے ایف سی اے سسٹم کے تعارف پر مثبت ردعمل کا ذکر کیا۔لنگڑیال نے ورلڈ کسٹمز تھیم-2025، ʼʼکسٹمز اپنی کارکردگی، سکیورٹی اور خوشحالی کے عزم کو پورا کرتے ہوئےʼʼ کی اہمیت پر زور دیا، کیونکہ پاکستان کسٹمز ایک جدید، متحرک اور مستقبل کی سوچ رکھنے والے ادارے میں تبدیل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ تقریب کے دوران، انہوں نے پرچم کشائی کی، شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے، اور فاتحہ خوانی کی۔ را شد محمود لنگڑیال نے افسران کو ان کی شاندار کارکردگی پر تعریفی اسناد تقسیم کیں۔انٹرنیشنل کسٹمز ڈے دنیا بھر میں 26 جنوری کو منایا جاتا ہے، اور اس سال پاکستان کے تمام کلکٹریٹس آف کسٹمز میں تقریبات منعقد ہوئیں۔ کسٹمز ہاؤس کراچی میں منعقدہ شاندار تقریب میں عمان، انڈونیشیا، اور کویت کے قونصل جنرلز، روسی اور یو اے ای قونصل خانوں کے نمائندے، سینئر کسٹمز عہدیدار، اور مختلف کاروباری اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔