• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیک ہولڈرز سے بغیر مشاورت پیکا بل اصول انصاف کے منافی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

کراچی (نیوز ڈیسک) جوائنٹ ایکشن کمیٹی (JAC) کے میڈیا اداروں پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) ، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) ، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (CPNE) ، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (AEMEND) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے سینیٹ کی داخلہ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کو خط لکھا ہے جس میں انہیں پیکا بل پر جے اے سی کے موقف سے آگاہ کیا گیا ۔ خط میں لکھا گیا کہ بل پر غور کرنے سے پہلے JAC کے نمائندوں کو سماعت کا موقع دیا جائے، تحفظات پیش کرنا چاہتے ہیں ، اسٹیک ہولڈرز سے بغیر مشاورت پیکا بل اصول انصاف کے منافی ہے۔ مزید لکھا گیا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی آپ کی توجہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ (PECA) میں ترامیم کے مجوزہ بل 2025کی طرف مبذول کرانا چاہتی ہے۔ یہ بل جس کے پریس کی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی پر اہم اثرات ہوں گے، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول میڈیا اور صحافی تنظیموں کے ساتھ کسی مشاورت یا تبادلہ خیال کے بغیر پیش کیا گیا ہے۔ شروع ہی میں یہ واضح کر دینا ضروری ہے کہ جے اے سی میڈیا کو جمہوری اصولوں کے مطابق ریگولیٹ کرنے والے قوانین کے نفاذ کے خلاف نہیں ہے۔ تاہم اس ترمیم کو آگے بڑھانے کا جو عمل اپنایا جا رہا ہے، جلد بازی میں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامعنی مشاورت کے بغیر یہ اصول انصاف اور جمہوریت کے جذبے کے منافی ہے۔ یہ عمل اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے اور بل کے پیچھے ارادوں، خاص طور پر آئینی طور پر ضمانت دی گئی حقوق جیسے کہ اظہار رائے کی آزادی اور پریس کی آزادی پر سنگین تحفظات پیدا کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی اہم قانون سازی کو ایک شفاف، شمولیتی عمل کے ذریعے تشکیل دینا چاہیے، جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے خدشات، اعتراضات، اور تجاویز کو مدنظر رکھا جائے۔
اہم خبریں سے مزید