• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں اب وسائل نہیں، جان کا تحفظ برننگ ایشو ہے،امان کنرانی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ نے بلوچستان کے حالات پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہےکہ کسی زمانے میں بلوچستان کے عوام ساحل اور وسائل کی بات کرتے تھے اب وسائل ہمارا برننگ ایشو نہیں رہا اس وقت برننگ ایشو جان کا تحفظ ہے ، لوگ اب پیٹ کی بات نہیں کرتے سر بچانے کی فکر میں ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ وقت وقت کی بات ہے کسی زمانے میں لوگوں کا مطالبہ یہ ہوا کرتا تھا کہ ون یونٹ توڑ دو ۔ اس وقت ون یونٹ کو توڑنے کی بات کرنے والوں کو غدار کہاگیا مگر بعد میں ون یونٹ ٹوٹ گیا ۔پھر لوگوں نے کہا کہ صوبائی خودمختاری دی جائے تب بھی کہا گیا کہ یہ غداری ہے مگر پھر اٹھارہویں ترمیم آگئی جس میں بلوچستان کو وہ کچھ بھی ملا جو یہاں کے لوگوں نے مانگا نہیں تھا۔ اس کے بعد ساحل اور وسائل کی بات آگئی امان اللہ کنرانی نے کہاکہ لوگوں نے کہاکہ ہمیں ساحل اور وسائل پر اختیار دیا جائے اس کی بجائے جنوبی بلوچستان قائم کرکے ریکوڈک کے کیس میں عدالت کے فیصلے کو بلڈوز کیا گیا اب تو حالت یہ ہےکہ نہ لوگ ون یونٹ کی بات کرتے ہیں نہ صوبائی خودمختاری کی اور نہ ہی ساحل او ر وسائل کی بات کرتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہمیں جان کا تحفظ دیا جائے ۔
کوئٹہ سے مزید