پشاور(جنگ نیوز) سابق چیئرمین کوآرڈی نیشن اورنائب صدر ایف پی سی سی آئی مرزا عبدالرحمٰن نے الزام عائدکیا ہے کہ گزشتہ سات روز سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر عاطف اکرام شیخ مکمل طور پر لاپتہ ہیں ‘ان کے موبائل فون بند ہیں جبکہ فیڈریشن کا میڈیا سیل جھوٹی خبریں چلاکر بزنس کمیونٹی اورچیمبر کو چونا لگانے میں مصروف ہے ۔ یہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کاوطیرہ رہا ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگے انہیں اس بات کا احساس نہیں کہ اس گروپ نے دلفریب وعدوں اور نوٹوں کی چمک اور فارم 45اور47 کی بدولت فیڈریشن چیمبر کے اقتدار پر قبضہ کرکے اس کا بیڑہ غرق کر دیا ہے جس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی سخت پریشان اور بدحالی کا شکار ہے ۔لگتا ہے جلد فیڈریشن چیمبر میں مڈ ٹرم الیکشن ہونے والا ہے۔