ٹک ٹاکر، یوٹیوبر، اداکارہ و میزبان کنول آفتاب نے تمام انفلوئنسرز کو منافق قرار دے دیا۔
کنول آفتاب نے اپنے شوہر، ٹک ٹاکر و یوٹیوبر ذوالقرنین سکندر کی گرفتاری اور ٹک ٹاکر برادری کی جانب سے حمایت سامنے نہ آنے پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
کنول آفتاب کا کہنا ہے کہ ہم ٹک ٹاکرز، یوٹیوبرز اور انفلوئنسرز اسی لیے کامیاب نہیں ہیں کہ ایک دوسرے کا ساتھ دینے کے بجائے ٹانگیں کھینچتے ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نہیں دیتے۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں کہا ہے کہ ایک صارف نے ذوالقرنین کے حق میں اسٹوری لگا کر ان پر لگے تمام الزامات کی تردید کی ہے، ذوالقرنین کی حمایت میں کوئی دوست سامنے نہیں آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہت دوست ہیں مگر یہاں کوئی کسی کا سگا نہیں ہے، سو فیصد دوستوں میں سے صرف چند نے کال کر کے حالت دریافت کی ہے، باقی سب خاموش بیٹھے ہیں، کال کر کے مدد کے لیے پیشکش کر دینا بہت آسان ہوتا ہے اور اصلی معنوں میں مدد کوئی نہیں کرتا ہے۔
کنول آفتاب نے کہا ہے کہ جب کوئی پھنس جاتا ہے تو سب ٹک ٹاکر چسکے لینے کے لیے کال کرتے ہیں، ایک دوسرے کا تماشا دیکھتے ہیں، مدد کوئی نہیں کرتا ہے، بس کال کر کے کہہ دیتے ہیں کہ مدد کی ضرورت ہو تو بتانا، کہاں ہے مدد، کہاں ہیں آپ لوگ، مدد کی ضرورت ہے تو کوئی دوست نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا ہے مجھے اسی لیے سوشل میڈیا کی دنیا بہت جعلی لگتی ہے، دوسری ہر انڈسٹری کے لوگ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں مگر سوشل میڈیا کی دنیا بہت منافق اور جعلی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پنجاب پولیس نے معروف ٹک ٹاکرز ذوالقرنین سکندر چوہدری، ریحان ملک اور طیب بٹ کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے تھے۔
پولیس کے مطابق ذوالقرنین سکندر کو دیگر دو دوستوں کے ہمراہ اسلحے کی نمائش کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔