• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

من مانی فیسوں سے بچاؤ‘ نجی میڈیکل کالجز کی میرٹ لسٹ جاری

کراچی(سید محمد عسکری) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنز (لمس) نے سندھ کے طلبہ کو پسند اور نا پسند کی بنیاد پر داخلے سے بچانے اور من مانی فیس کی وصولی سے محفوظ رکھنے کے لیے سندھ کے 10 نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس کی میرٹ لسٹ جاری کردی ہے۔ تاہم آغا خان میڈیکل کالج اس میں شامل نہیں ہے ایم بی بی ایس کی 1100 نشستوں کے لیے جن میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں کی فہرست جاری کی گئی ان میں ضیاالدین میڈیکل کالج، طبری میڈیکل کالج کراچی، انڈس میڈیکل کالج ٹنڈو جام، اسرا یونیورسٹی حیدرآباد، جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، لیاقت کالج آف میڈیکل اینڈ ڈینٹسری کراچی، محمد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میرپورخاص، سرسید میڈیکل کالج آف سائنسز فار گرلز کراچی اور یونائیٹیڈ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی شامل ہیں۔ زرائع کے مطابق گزشتہ چار برس سے کچھ نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میرٹ سے ہٹ کر داخلے دے رہے تھے اور مرضی کے مطابق فیسیں وصول کررہے تھے۔ اس سے پہلے چار برس قبل جناح سندھ اینڈ میڈیکل کالج نے ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں سندھ کے نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی میرٹ لسٹ جاری کی تھی۔ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنز جامشورو نے منتخب امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فیس 6 فروری 2025 کو شام 5:00 بجے متعلقہ کالج میں جمع کرائیں۔ فیس جمع کرانے میں ناکامی کی صورت میں، PMDC کے ضابطے کے مطابق اس کا انتخاب منسوخ کر دیا جائے گا اور کسی بھی قسم کے دعوے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کے مطابق صرف ان امیدواروں کو بعد کی فہرست میں ان کے اوپری ترتیب کی ترجیح کے کالج میں اپ گریڈ کیا جائے گا، جو مقررہ مدت کے اندر مقررہ فیس جمع کروا کر کالج میں شامل ہوں گے۔جس کالج میں فیس جمع کرائی گئی ہے وہ داخلہ لینے والی یونیورسٹی کو اپ گریڈ شدہ امیدواروں کے بارے میں مطلع کرے گا جس میں اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ امیدوار نے فیس جمع کرائی ہے اور اسے اپ گریڈ شدہ امیدواروں کے داخلہ کے عمل کی تکمیل پر کالج میں منتقل کر دیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید