• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انجمن اساتذہ کا احتجاج، اردو یونیورسٹی کے دونوں کیمپس میں امتحانات کا بائیکاٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)انجمنِ اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی، عبدالحق و گلشنِ اقبال کیمپسز کی مشترکہ اپیل پر دونوں کیمپسز کے اساتذہ نے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی مسلسل عدم ادائیگی، گزشتہ 25 ماہ سے ہاؤس سیلنگ کی بندش اور میڈیکل سہولیات کی معطلی کے خلاف احتجاجاً متعدد شعبہ جات کے امتحانات کا بائیکاٹ کیا۔ اس احتجاج کا مقصد حکومت، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹی انتظامیہ کی توجہ جامعہ کو درپیش سنگین مالی و انتظامی بحران کی جانب مبذول کرانا ہے۔ پیر کے روز عبدالحق کیمپس میں کوانٹیٹیٹو ریزننگ کا پرچہ ابلاغِ عامہ، بین الاقوامی تعلقات، اردو، انگریزی، سندھی، جنرل ہسٹری، اسلامک اسٹڈیز، سیاسیات، عربی، اسپیشل ایجوکیشن، ٹیچرز ایجوکیشن، سوشل ورک، معاشیات، کامرس، اکنامکس اور بزنس ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف شعبہ جات میں مکمل طور پر بائیکاٹ کیا گیا۔ انجمنِ اساتذہ کے مطابق انتظامیہ اور بعض ڈینز کی جانب سے اساتذہ پر شدید دباؤ ڈال کر بائیکاٹ کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم احتجاجی عمل بڑی حد تک مؤثر رہا۔ دوپہر کی شفٹ میں دباؤ کے باوجود صرف شعبہ نفسیات، شعبہ سوشل ورک اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں ایک ایک پرچہ منعقد کیا گیا، جبکہ دیگر بیشتر شعبہ جات میں اساتذہ نے بائیکاٹ جاری رکھا۔
اہم خبریں سے مزید