اسلام آباد، کراچی(ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پیکا ایکٹ قانون کی شکل اختیار کرگیا ہے، مشاورت کی گنجائش ہے، اعتراضات سامنے لائیں تو بات کرینگے، سوشل میڈیا پرفیک نیوز، ڈیپ فیک کے تدارک کیلئے پیکا ایکٹ بنایا گیا، جبکہ ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی نے اعتراف کیا ہے حکومت نے پیکا ایکٹ منظوری میں جلد بازی کی، اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظات کو دیکھنا چاہیے تھا اس معاملے پر وہ صحافیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے بالکل جلد بازی کی ہے جو نہیں ہونی چاہیے تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جو قانون آپ کی مشاورت سے بننا تھا وہ متنازع ہوگیا ۔