کراچی(اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیم کےبس ڈرائیور کو بھی تنخواہ ادا نہیں کی گئی ہے۔ فرنچائز اپنے بس ڈرائیور محمد بابول کو بھی تنخواہ نہ دے سکی جس کے بعد فرنچائز کو ان کی غلطی کا احساس دلانے کے لیے بس ڈرائیور نے معاملے کو اپنے ہاتھ میں لیا اور راج شاہی کے تمام کھلاڑیوں کے کٹ بیگ اور سامان بس کے اندر بند کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرنچائز نے ابھی تک اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں اور عملے کے ارکان کی تنخواہیں ادا نہیں کیں، راج شاہی کے مالک شفیق رحمان نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ غیر ملکی کرکٹرز کے اپنے اپنے ملک واپس جانے کے لیے ٹکٹ بک کر لیے گئے ہیں۔ تاہم ادائیگی نہ ہونے کے سببکئی بڑے نام ڈھاکا کے ہوٹل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ محمد حارث سمیت غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی ادائیگی کے لیے ٹیم انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا ، دیگر کھلاڑیوں میں آفتاب عالم (افغانستان)، مارک دیال (ویسٹ انڈیز)، ریان برل (زمبابوے) اور میگوئل کمنز (ویسٹ انڈیز) شامل ہیں جنہیں اب تک مکمل ادائیگی نہیں کی گئی۔ ٹیم کے مالکان نے وعدہ کیا کہ وہ واجبات کلیئر کردیں گے لیکن کئی مقامی کرکٹرز بغیر رقم ملے ہی ہوٹل سے گھروں کو روانہ ہوگئے۔