کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ کے پانچویں راؤنڈ میں پیر کو دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کو واپڈا کے خلاف 9 وکٹوں سے شکست ہوگئی۔ یہ ٹورنامنٹ میں اس کی چوتھی شکست ہے۔ ایشال ایسوسی ایٹس نے اوجی ڈی سی ایل کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایشال ایسوسی ایٹس نے 155 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پرحاصل کرلیا۔ اس سے قبل اوجی ڈی سی ایل دوسری اننگز میں 292رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر سمیر ثاقب نے 125 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بیٹ کیری کیا ۔ حسن رضا خان 89 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نثار احمد نے 82 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل فالوآن کے بعد 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عابدعلی 85 اور سعد خان 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ علی رضا نے 55 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ واپڈا نے 17 کا ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا ۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں سرکاری ٹی وی نے 243 رنز کے ہدف کے جواب میں کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں پر 204 رنز بنائے تھے۔ شامل حسین 120پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ اس سے قبل غنی گلاس دوسری اننگز میں 329رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کاشف علی نے 133اور محسن ریاض 65 رنز بنائے۔ مہران سانول نے 64 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک کو 293رنز کا ہدف ملا ہے اس نے کھیل ختم ہونے پر3وکٹوں پر 158رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل ایچ ای سی دوسری اننگز میں 321 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔19 سالہ فاسٹ بولر محمد اسمعیل نے97 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔