کراچی (اسٹاف رپورٹر) دبئی میں23 فروری کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونا ہے لیکن پیر کو میچ کے ٹکٹ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں فروخت ہوگئے۔ مہینوں سے ٹکٹس خریدنے کے منتظر شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ شام چار بجے ٹکٹوں کی فروخت باکس آفس میں شروع ہوئی۔ چار بج کر56 منٹ پر سیل آؤٹ کے بورڈ آویزاں کردیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام کیٹیگریز کے ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے۔ پلاٹینم کیٹیگری کی قیمت2000 اور دی گرینڈ لاؤنج کیٹگری کی قیمت پانچ ہزار درہم رکھی گئی ہے۔ ادھر پاکستان میں ہونے والے میچز کیلئے ملک بھر میں ٹکٹوں کی فزیکل فروخت شروع ہوگئی، اس میں شائقین کرکٹ نے زبردست جوش وخروش کا مظاہرہ کیا ، منچلے بڑی تعداد میں ٹکٹ کیلئے قطاروں میں لگ گئے۔ کئی جگہوں پر ٹکٹ ختم ہوگئے۔ زیادہ تر مانگ جنرل انکلوژرز کی تھی۔ آن لائن ٹکٹ بک کرنے والوں کو پیر کوٹکٹ نہیں مل سکے۔ بکنگ کرانے والوں کو 6 فروری کو ٹکٹیں دیئے جائیں گے۔ آن لائن ٹکٹ بک کرانے والوں کو ہوم ڈلیوری 8 فروری کو ہوگی۔ شائقین کرکٹ کی نظریں 19 فروری کے پاکستان نیوزی لینڈ کے میچ کے ٹکٹوں پر تھی۔ اس میچ کے جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ دو ہزار روپے، فرسٹ کلاس کا 4 ہزار، پریمیم اسٹینڈ کا 7 ہزار اور وی آئی پی کا 12 ہزار روپے کا ہے۔