کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے استفسار کیا ہے کہ کیا یہ خط جیل سے لکھا جا رہا ہے ‘یہ خط لکھتا کون ہے‘ ان خطوط کے پیچھے کون سی لابیز کام کررہی ہیں؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد فوج اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے یہ پارلیمنٹ میں بیٹھیں اور بات کریں۔
پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں‘ اصل مالک تو وہی ہیں جن کو خط لکھا ہے باقی تو ڈمی بیٹھے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیونیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو خط لکھ کر عمران خان نے اپنے تحفظات سے براہ راست آگاہ کردیا ‘ یہ اچھی بات ہے‘ اب دیکھتے ہیں وہاں سے کیا جواب آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خط لکھ کر دہشت گردوں کو سپورٹ کررہے ہیں‘ عمران خان ریاست کو شکست دینے پر تلے ہیں‘ ملک کے وجود پر حملہ آور ہونا کیا سیاسی جدوجہد ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ فوج اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے جو قربانیاں دے رہے ہیں‘ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں اس سے بڑھ کرکیا کرسکتے ہیں۔
کیا یہ خط جیل سے لکھا جارہا ہے ‘یہ خط لکھتا کون ہے‘ ان خطوط کے پیچھے کون سی لابیز کام کررہی ہیں؟ بانی پی ٹی آئی عرصے سے ایک ہی مہم جوئی میں لگے ہوئے ہیں‘ ان کا مقصد فوج اور عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔